کوئٹہ( ویب نیوز ) معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے دہشت گردی میں معاونت اور دہشت گرد عناصر کے ساتھ مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 9 خواتین کو اشتہاری قرار دے کر ان کی گرفتاری میں معاونت کے لیے انعامی رقم مقرر کر دی ہے، جن میں سے بیشتر کا تعلق مکران ڈویژن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ عناصر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ دہشت گرد عناصر خواتین کی آڑ میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی اور بدامنی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گی، عوام مذکورہ خواتین کی موجودگی، نقل و حرکت یا دہشت گرد عناصر سے روابط کے بارے میں کسی بھی مصدقہ اطلاع کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کریں، اطلاع دینے والے کی شناخت صیغۂ راز میں رکھتے ہوئے قانون کے مطابق اس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
