پاکستان ۹ جون ۲۰۲۶

حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ تجاویز پر اتفاق، منظوری کیلئے تعاون کا عندیہ

ااسلام آباد(ویب نیوز)یوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں وفاقی بجٹ اور دیگر سیاسی و معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق رائے ہو گیا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام، بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق بعض قابلِ عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مزید مشاورت جاری رکھیں گی، جبکہ پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں تعاون کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام معاملات بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔