کوئٹہ (ویب نیوز) یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے صوبے جیزان میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ایک تنصیب اور یمن کے مغربی ساحل پر واقع اہم بندرگاہ المخا کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب نشریاتی ادارے کے مطابق حوثیوں نے اتوار کو المخا بندرگاہ پر حملہ کیا، جس کے بعد المخا شہر میں کم از کم چار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم فوری طور پر جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ حوثیوں کے مطابق آرامکو کی تنصیب پر حملہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے صوبوں صعدہ اور حجہ میں کیے گئے ڈرون حملوں کے جواب میں کیا گیا۔ دوسری جانب سعودی وزارتِ توانائی نے جیزان میں آرامکو کی ایک تنصیب میں آگ لگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا اور واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ سعودی حکام نے آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں کی۔ المخا بندرگاہ باب المندب کے قریب واقع ہونے کے باعث انتہائی اہم سمندری گزرگاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ بڑھتے ہوئے حملوں کے تناظر میں سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے حوثیوں کے میزائل حملوں اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی مذمت کا خیرمقدم کیا ہے اور عالمی برادری سے خطے کے امن، عالمی تجارت اور بحری آمدورفت کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
