تازہ ترین ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

حوثیوں کا سعودی عرب میں آرامکو اور ایئربیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

کوئٹہ(ویب نیوز) یمن کی حوثی تحریک کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی بحیرۂ احمر پر واقع بندرگاہ ینبع میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے گئے، جبکہ جنوبی شہر خمیس مشیط کے ایک ایئربیس پر بھی متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ حوثی ترجمان کے مطابق میزائلوں اور ڈرونز نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا اور حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ اور نقصان ہوا، تاہم سعودی حکام نے ان دعوؤں کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی۔ حوثیوں نے اس سے قبل مأرب کے علاقے میں سعودی ایف 15 جنگی طیارہ مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا تھا، جس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے حوثی ڈرون کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ حوثی سیاسی بیورو کے رکن حزام الاسد نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔ متضاد دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں دوبارہ شدت دیکھی جارہی ہے۔