اسلام آباد (ویب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کی گئی تو پی ٹی آئی اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائے گی اور پارٹی میں قیادت کی کوئی کمی نہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کسی وزیراعظم کے کہنے پر شروع یا ملتوی نہیں کیا جائے گا بلکہ پارٹی نے جو ذمہ داری سونپی تھی وہ پوری کی گئی، جبکہ مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کے بقول پی ٹی آئی کے مطالبات کو شامل نہیں کیا گیا۔ جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی اور دہشت گردوں کی حمایت، ان سے مذاکرات یا مالی معاونت کرنے والوں کی بھی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر سیاسی اسپیس محدود کرنے اور صوبائی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گورنر راج لگانے کی باتیں تو کر رہی ہے لیکن ایسا کرنے کی ہمت نہیں، تاہم اگر گورنر راج نافذ کیا گیا تو پی ٹی آئی کے لیے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا راستہ موجود ہے۔
