تازہ ترین ۳۱ اگست ۲۰۲۶

جنوبی پشتونخوا کے عوام کا پشتون قومی جرگہ کوئٹہ میں جاری، ہزاروں افراد کی شرکت

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)جنوبی پشتونخوا کے عوام کا پشتون قومی جرگہ کوئٹہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں جاری ہے۔ جرگہ 11 تا 14 مارچ 2022 کو بنوں میں منعقدہ تاریخی جرگہ کے فیصلوں، جنوبی پشتونخوا کی مخدوش و خطرناک صورتحال اور زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، دکی اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں پشتونوں کی شہادتوں اور دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی ہدایت پر پشتونخوامیپ کی میزبانی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جرگے میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع سبی، موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب، لورالائی، دکی، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور کوئٹہ سے قبائلی معتبرین، سیاسی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، علمائے کرام، وکلا، خواتین، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہیں، جن کی تعداد چار ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔ جرگے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ محمود خان اچکزئی نے افتتاحی خطاب کیا اور پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ جرگے کے پہلے روز تین سیشنز منعقد ہوئے جن سے مختلف قبائلی، سیاسی، مذہبی، سماجی اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا، جبکہ دوسرے روز بھی مختلف سیشنز جاری رہے اور متعدد رہنماؤں و عمائدین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جرگے میں جنوبی پشتونخوا کو درپیش امن و امان، سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔ جرگہ یکم ستمبر کو بھی جاری رہے گا، جس میں جنوبی پشتونخوا کے قبائلی و سیاسی عمائدین اپنی تجاویز پیش کریں گے اور اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔