تازہ ترین ۴ اگست ۲۰۲۶

جماعت اسلامی کا 7 اگست کو بلوچستان بھر میں شاہراہیں بند کر کے احتجاج کا اعلان

کوئٹہ (ویب نیوز)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ امن و امان کی خراب صورتحال، بدعنوانی، سرحدوں کی بندش، پیٹرولیم مصنوعات پر غیرقانونی وصولیوں، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف 7 اگست کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کوسٹل ہائی وے، نیشنل ہائی ویز، جی روڈز اور بائی پاسز سمیت اہم شاہراہوں پر پرامن احتجاج اور دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور معاشرے کے مختلف طبقات احتجاج میں شریک ہوں گے اور تمام اضلاع کی تنظیموں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 21 اضلاع میں شام 4 بجے عوامی اجتماعات اور سڑکوں کی بندش کے ذریعے عوامی مطالبات حکام اور میڈیا کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بدامنی، لاپتا افراد، معاشی بحران، بے روزگاری، شاہراہوں کی غیر محفوظ صورتحال، سرحدوں کی بندش اور مہنگائی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہیں، لیکن حکومت ان مسائل کے حل میں ناکام رہی ہے، لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ 7 اگست کے پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔