کوئٹہ (ویب نیوز) جرمنی نے اسپین کو 0-1 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل چوتھی بار اپنے نام کرلیا اور پاکستان کے چار مرتبہ عالمی کپ جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ بیلجیم کے شہر واورے میں بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم مشیل اسٹروتھوف نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کرکے جرمنی کو مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بنادیا۔ اسپین نے میچ کے دوران گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور متعدد مواقع بھی پیدا کیے، لیکن جرمن دفاع نے تمام حملوں کو ناکام بنائے رکھا۔ میچ کے آخری لمحات میں اسپین نے گول کیپر کو میدان سے باہر بلا کر اضافی فیلڈ کھلاڑی کے ذریعے برابری کی کوشش کی، تاہم جرمنی نے دفاع مضبوط رکھتے ہوئے 0-1 کی برتری برقرار رکھی اور ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
