ماسکو(ویب نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جرمنی کے لیپزگ ایئرپورٹ پر مبینہ ڈرون حملے کی کوشش سے متعلق جرمن الزامات کو حقیقی جنگ کے آغاز سے تعبیر کیا ہے۔ روسی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ کسی نے یہ جاننے کی زحمت نہیں کی کہ ڈرون کس کا تھا، جبکہ جرمنی بنیادی طور پر روس کے خلاف جنگ کا اعلان کر رہا ہے۔ انہوں نے جرمنی کی جانب سے بون میں روسی قونصل خانے اور برلن میں روسی ہاؤس بند کرنے کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوسری عالمی جنگ سے قبل بھی جرمنوں نے اپنے سفارتی مشنز بند کیے تھے۔ لاوروف نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے یورپ کی مضبوط ترین فوج تشکیل دینے کے بیان کو بھی خطرناک رجحان قرار دیا۔ واضح رہے کہ 4 اگست کو جرمنی کے لیپزگ ایئرپورٹ کے سیکیورٹی زون میں مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد سے لیس ایک ڈرون ملا تھا، جس کے بعد جرمنی نے یکم ستمبر کو روس کو اس ناکام حملے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف وسیع پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
