ہانگ کانگ (ویب نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر سری لنکا، بنگلہ دیش اور قطر کے ہم منصبوں سمیت بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کی سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تجارت، علاقائی رابطوں، غذائی تحفظ، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکن وزیر کے ساتھ پاکستان سری لنکا آزاد تجارتی معاہدے کے زیادہ سے زیادہ استعمال، بنیادی ڈھانچے، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور غذائی تحفظ کے امور زیر بحث آئے، جبکہ جام کمال خان نے پاکستانی کینو کی بہتر مارکیٹ رسائی کے لیے سری لنکا کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ بنگلہ دیشی وزیر کے ساتھ تجارت، صنعتی تعاون، چاول کی برآمدات، ٹیکسٹائل، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، سائبر خطرات اور مصنوعی ذہانت پر بات ہوئی۔ قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ تجارت کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی امن، تجارت، ٹرانزٹ اور پاکستان و قطر کے درمیان نئے تجارتی راستوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کی سیکرٹری جنرل ٹریسا چن سے ملاقات میں تنازعات کے پرامن اور ادارہ جاتی حل میں ثالثی کے کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔ جام کمال خان نے کہا کہ مضبوط علاقائی روابط اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو خطے میں تجارت اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔
