اسلام آباد (ویب نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ بینکاری تنازعات کے فوری، شفاف اور مؤثر حل کے لیے ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہے۔ سپریم کورٹ میں بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز سے ملاقات کے دوران بینکاری مقدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، قانونی و طریقہ کار اصلاحات اور متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بینکنگ محتسب نے بتایا کہ ادارے نے 2025 کے دوران 36 ہزار 280 شکایات نمٹائیں، ایک ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا اور زیر التوا مقدمات میں 8 فیصد کمی لائی۔ چیف جسٹس نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انصاف کے شعبے میں شفاف اور شہری دوست نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
