کوئٹہ (ویب نیوز) سنگاپور نے مسلسل کم ہوتی شرح پیدائش اور آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے نیا مالی پیکیج متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سنگاپور میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے والدین کو بچے کے 17 سال کی عمر تک مجموعی طور پر 55 ہزار 48 امریکی ڈالرز، یعنی تقریباً ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم لارنس وونگ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شرح پیدائش میں کمی کے مسئلے پر قابو پانا اور خاندانوں کو بچوں کی پرورش میں مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکام کے مطابق مالی معاونت پانچ مراحل میں دی جائے گی، جس میں پیدائش کے بعد ابتدائی 12 ماہ کے دوران 7 ہزار 880 ڈالرز، اگلے 16 برسوں میں سالانہ بنیادوں پر مالی مدد، چائلڈ ڈویلپمنٹ اکاؤنٹ کے لیے رقم اور 17 سال کی عمر میں اعلیٰ تعلیم کے اخراجات کے لیے اضافی مالی معاونت شامل ہوگی۔ سنگاپور میں فی خاتون شرح پیدائش کم ہو کر 0.87 تک پہنچ چکی ہے جبکہ عالمی سطح پر 2.1 کی شرح کو آبادی برقرار رکھنے کے لیے معمول سمجھا جاتا ہے۔
