تازہ ترین ۲۰ مئی ۲۰۲۶

بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 358 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 94 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز کی اننگز کھیلیں۔ بابر اعظم نے 47 اور ساجد خان نے 28 رنز اسکور کیے۔بنگلہ دیش کی طرف سے تیج الاسلام نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 2 اور شرف الاسلام و مہدی حسن میراز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ میں بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 278 اور دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے، جبکہ پاکستان پہلی اننگز میں 232 اور دوسری اننگز میں 358 رنز بنا سکا۔بنگلہ دیش کے لٹن داس کو پلیئر آف دی میچ جبکہ مشفق الرحیم کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم نے بہت غلطیاں کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں غلطیوں کی سزا ضرور ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں مسلسل پانچ دن اچھا کھیل پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔