مقامی ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ویب نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گلبہار حوید کے علاقے میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ ان کی شناخت اور پروفائلنگ کا عمل جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔