تازہ ترین ۲۹ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کے عوام، قبائلی عمائدین، پولیس اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں: ضیاء لانگو

کوئٹہ (ویب نیوزڈ) بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور دہشت گردوں و امن دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی بلکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوگی وہاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز اور وسیع پیمانے پر سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی بلکہ بلوچستان میں مستقل امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں، کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، قبائلی عمائدین، پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔