کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے گڈانی سے جیوانی تک طویل سمندری ساحل کو “بحرہ بلوچ” کے نام سے منسوب کرنے کے لیے بلوچستان صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ یہ قرارداد آج ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ قرارداد میں میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بلوچستان قدرتی ساحل اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔ صوبے کا سمندری ساحل تقریباً 780 کلو میٹر پر محیط ہے، جو آج بھی دنیا کے نقشے پر “بحیرہ عرب” کے نام سے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی سے لے کر جیوانی تک کا ساحل بلوچستان کا حصہ ہے، مگر بدقسمتی سے ابھی تک اسے کسی بڑے ساحلی شہر کا نام نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے ہمارے ساحل کی شناخت نہ ہونے کے برابر ہے۔ لہٰذا ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ گڈانی ساحل سے لے کر گورادر جیوانی تک کے علاقے کو “گمر و بلوچ” کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ بلوچستان کے ساحل کی شناخت ممکن ہو سکے۔
