کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہوگی اور سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ان کا مؤقف واضح ہے کہ بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں کی جائے گی اور کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری اور تمام متعلقہ حکام بھی اس مؤقف پر متفق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور محکموں کی کارکردگی کے جائزے کے دوران محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے بے ضابطگیوں کی شکایات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر کسی بھی محکمے میں نوکریوں کی فروخت کے ٹھوس شواہد سامنے آئے تو متعلقہ محکمے کے وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات میں اگر کسی شخص کا جرم ثابت ہوا تو کسی کو بھی سزا سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور شدید سردی و گرمی میں روزگار کے منتظر نوجوانوں کی نوکریاں فروخت کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ نے حکام سے اس حوالے سے حلف بھی لیا کہ سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور تمام قوانین و اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
