کوئٹہ (ویب نیوز) ارکان صوبائی اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل، سردار مسعود لونی اور صمد گورگیج نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خوشحالی کی لہر شروع ہو چکی ہے اور آنے والا وقت ترقی، خوشحالی اور کامیابی کا ہے، ترقی مخالف عناصر عوامی مسائل کے حل میں مزید مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں، جبکہ حکومتی رٹ ہر صورت قائم رکھنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے، جن کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں عام عوام تک پہنچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کر رکھا ہے، تاہم بعض ترقی مخالف قوتیں اس عمل کو روکنے کے لیے مختلف سطحوں پر سازشیں کر رہی ہیں، جن کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ترقی کے سفر کو نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ اسے مزید تیز کیا جائے گا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی ترقی، کامیابی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے نعروں اور عناصر سے متاثر نہ ہوں جو مخالفین کی سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں، اس لیے صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔
