کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں بلوچستان میڈیا فورم کا پہلا مرکزی اجلاس مرکزی صدر قیوم بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرکزی کابینہ، عہدیداران، سینٹرل کمیٹی کے ارکان اور صوبے کے مختلف علاقوں سے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فورم کے آئین و منشور کی منظوری سمیت صحافیوں کے حقوق، لوکل پرنٹ میڈیا کے تحفظ اور میڈیا کارکنوں کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا، جبکہ بلوچستان حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2026 کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اس پر نظرثانی کرکے واپس لیا جائے، کیونکہ فورم کے مطابق اس پالیسی سے مقامی پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں، رپورٹرز، نامہ نگاروں، فوٹوگرافرز اور دیگر کارکنوں کے معاشی حقوق اور روزگار متاثر ہوسکتے ہیں۔ اجلاس میں صحافیوں کے ساتھ انتظامیہ کے مبینہ نامناسب رویے، پریس کلبز پر مخصوص گروہوں کی اجارہ داری اور صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران قائم مقدمات کی بھی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کو آزادانہ طور پر کام کرنے کا ماحول فراہم کیا جائے۔ مرکزی صدر قیوم بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں میڈیا سے وابستہ فرد کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور فورم صحافیوں کے بنیادی، قانونی و پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
