کھیل ۵ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کا سالانہ جنرل کونسل اجلاس، اہم فیصلے اور متفقہ قراردادیں منظور

(صداقت انٹرنیشنل نیوز )کوئٹہ میں بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن (BFA) کا سالانہ جنرل کونسل اجلاس بلوچستان فٹبال ہاس میں منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر سے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنز کے صدور، نمائندگان اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت صدر BFA حاجی جمیل احمد سرپرہ نے کی جبکہ سابق صدر حاجی خلیل احمد سرپرہ اور ایگزیکٹو ممبر حاجی شکیل احمد زہری بطور مبصر شریک ہوئے۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر BFA نے استقبالیہ خطاب کیا۔ جنرل سیکریٹری ماسٹر امین اللہ کاکڑ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جبکہ مختلف اضلاع کے نمائندگان نے اپنی کارکردگی اور تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں سی ایم گولڈ کپ بلوچستان سے متعلق فیصلہ سازی کا اختیار جنرل کونسل نے BFA کے سپرد کر دیا۔اجلاس کے اختتام پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن سے کوچنگ و ریفری کورسز کے انعقاد، پلیئر رجسٹریشن اختیارات کی منتقلی، میرٹ پر کھلاڑیوں کو مواقع دینے، ٹرائلز کو صوبائی سطح پر کرانے اور مالی گرانٹس کی فراہمی جیسے اہم مطالبات شامل تھے۔اجلاس میں 28 ووٹ آف رائٹ ممبران سمیت مختلف اضلاع کے صدور نے شرکت کی جبکہ بعض نمائندگان نے آن لائن شرکت کی۔ آخر میں شرکا کے لیے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔اجلاس کے نظم و نسق اور بھرپور شرکت سے یہ واضح ہوا کہ بلوچستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک مضبوط اور فعال قیادت موجود ہے جو کھلاڑیوں اور کلبوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے