کوئٹہ (ویب نیوز) حکومت بلوچستان نے پولیس شہداء کے مالی معاونتی پیکیج میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منظوری کے لیے سمری طلب کر لی ہے، جس میں پولیس شہداء کے مالی معاونتی پیکیج پر نظرثانی کی تجویز شامل ہے۔ مجوزہ سفارشات کے مطابق بی ایس 1 سے 16 تک کے پولیس شہداء کے لیے نقد معاوضہ موجودہ ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے لیے پلاٹ یا اراضی کے بدلے نقد ادائیگی 11 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کی سفارش بھی سمری میں شامل کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دہشت گردی اور امن و امان کے قیام کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کو بہتر مالی تحفظ اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
