کوئٹہ(صداقت نیوز) پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سٹی کے ایگزیکٹیو اور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نے کی۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں سیاسی تنظیمی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں عید کے تیسرے روز چمن میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی تحصیل سے منسلک مہر دھڑ فیڈر، جان محمد روڈ فیڈر، نیو جان محمد روڈ فیڈر ودیگر پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کیسکو کا عوام دشمن رویہ قابلِ مذمت ہے، جہاں دن رات بجلی بند رکھی جاتی ہے اور جب بجلی فراہم کی جاتی ہے تو وہ بھی کم وولٹیج کے ساتھ دی جاتی ہے جس سے گھریلو صارفین اور کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، مہر دھڑ فیڈر کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی تحصیل کے تمام علاقوں میں عوام شدید مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں،مسلط نااہل نمائندے عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ ہر علاقے میں صفائی کا ناقص نظام، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کی خراب صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ شہری دن رات خوف اور بے چینی کی کیفیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مگر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں بھی عوام کو میسر نہیں۔ سرکاری اسکولوں اور ہسپتالوں کی حالت زار انتہائی افسوسناک ہے جہاں نہ مناسب سہولتیں موجود ہیں اور نہ ہی عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صفائی، امن و امان، تعلیم اور صحت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ اگر عوامی مسائل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو شدید احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت، متعلقہ اداروں اور نااہل نمائندوں پر عائد ہوگی۔
