پاکستان ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

ایم اے پاس شخص سوئیپر بنے گا؟ آئینی عدالت کے سخت ریمارکس، حکومت کی اپیل مسترد

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں ایم اے پاس شخص کو سوئیپر کی ملازمت دینے سے متعلق کیس میں پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی اپیل مسترد کر دی۔ سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ کیا اب ایم اے پاس افراد سوئیپر بنیں گے؟ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ملازم گزشتہ دس برس سے کام کر رہا ہے، اس لیے اسے نکالنا بھی مناسب نہیں، تاہم حکومت اسے کسی مناسب عہدے پر تعینات کرے۔ عدالت نے موجودہ نظام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ شخص کا صفائی کا کام کرنا المیہ ہے۔