کوئٹہ (ویب نیوز) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے افغان نژاد امریکی شہری اور افغانستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق سربراہ محمود شاہ حبیبی کی تلاش میں مدد دینے والی معلومات کے عوض 50 لاکھ ڈالر تک انعام مقرر کردیا ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق ایسی معلومات فراہم کرنے والے کو انعام دیا جائے گا جو محمود شاہ حبیبی کو تلاش کرنے اور واپس لانے میں مددگار ثابت ہوں۔ رپورٹس کے مطابق حبیبی کو اگست 2022 میں کابل میں ان کے گھر کے قریب ڈرائیور اور ایشیا کنسلٹنگ گروپ کے 29 ملازمین سمیت حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے دیگر افراد بعد میں رہا ہوگئے، تاہم حبیبی کے بارے میں تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بار پھر کہا ہے کہ افغانستان میں محمود شاہ حبیبی کے نام سے کوئی شخص قید نہیں ہے اور امریکی حکام کو بھی براہ راست ملاقاتوں میں اس بارے میں آگاہ کیا جاچکا ہے۔
