اسلام آباد (ویب نیوز) حکومت پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے لیے 45 نئی بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 9.6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ مختص کی ہے، جبکہ 300 نان بلٹ پروف گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی۔ حکومتی وضاحت کے مطابق کابینہ ڈویژن کے پاس دستیاب جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں 2016 ماڈل کی ہیں جو اجلاس کے لیے مطلوبہ سیکیورٹی معیار پر پورا نہیں اترتیں، اس لیے بین الاقوامی وفود کی محفوظ آمدورفت کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری ضروری قرار دی گئی۔ وزارت خزانہ نے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 6.6 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی تھی، جبکہ مزید 15 بلٹ پروف سیڈان گاڑیوں کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے۔ حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کے باوجود اس خریداری کے لیے خصوصی استثنا حاصل کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایس سی او اجلاس میں سربراہان مملکت، سربراہان حکومت اور اعلیٰ حکام کی شرکت کے باعث مطلوبہ بین الاقوامی سیکیورٹی معیار کے مطابق نقل و حمل کا انتظام ضروری ہے۔
