واشنگٹن (ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے۔ میری لینڈ کے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کی ایران کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہو رہی ہے اور خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آ رہی ہے، تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور اس کے فوائد سب کو حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا بنیادی مقصد اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، کیونکہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن ہی سیاسی اور معاشی استحکام کی ضمانت ہے۔
