تازہ ترین ۱۵ اگست ۲۰۲۶

ایران کا قطر پر تین پائلٹوں کو حراست میں رکھنے کا الزام

تہران (ویب نیوز) ایران نے قطر پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے تین ایرانی پائلٹوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے اور متعدد سفارتی کوششوں کے باوجود ایرانی حکام کو ان تک رسائی نہیں دی جارہی۔ ایرانی حکام نے پہلی بار سرکاری طور پر دعویٰ کیا ہے کہ 2 مارچ کو قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بعد لاپتہ ہونے والے ایرانی فضائیہ کے تین پائلٹ قطری فورسز نے زندہ گرفتار کیے تھے۔ ایرانی فوجی حکام نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس (آئی سی آر سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ پائلٹوں کی حالت معلوم کرنے اور ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ آئی سی آر سی کو لکھے گئے خط میں ایرانی فوجی عہدیدار بریگیڈیئر جنرل محمد باقر زادہ نے کہا کہ 2 مارچ 2026 کو ایک مشن کے دوران پائلٹ ماجد کاظمی ہلاک ہوئے جبکہ تین پائلٹوں جواد صالحی، عبدالمجید دشتیان اور عمران بہروشیان کو قطر نے حراست میں لے لیا۔ ایرانی جنرل نے قطری اقدام کو جنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشنز اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد سفارتی رابطوں کے باوجود ایرانی حکام کو تینوں پائلٹوں سے ملاقات یا ان کا انٹرویو کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹوں کو اپنے اہلخانہ یا متعلقہ حکام سے رابطے کا موقع بھی نہیں دیا گیا، اس لیے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔