واشنگٹن (ویب نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر شدید حملے کیے جائیں گے اور ایک وقت آئے گا جب ایران خود کہے گا کہ اب مزید برداشت نہیں کرسکتا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں سے ایران کو شدید نقصان پہنچا ہے اور امریکا کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ امریکی صدر نے کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کے خلاف فوجی دباؤ جاری رکھا جائے گا تاکہ اسے دوبارہ مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں جبکہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت موجود ہے، تاہم اس حوالے سے بعض معاملات پر اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔
