تہران(ویب نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی سلامتی، مفادات یا اثاثوں کے خلاف مزید کسی حملے کی صورت میں تہران کا جواب پہلے سے زیادہ تیز، شدید اور تکلیف دہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو سمجھ لینا چاہیے کہ کھیل کے قواعد تبدیل ہوچکے ہیں اور ایران اس وقت ہمہ گیر جنگ لڑ رہا ہے۔ قالیباف کے مطابق ایران کی حالیہ کارروائیوں کو متناسب ردعمل نہیں سمجھا جانا چاہیے کیونکہ متناسب جوابی کارروائیوں کا دور ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے امریکی حکام کی جانب سے جنگ سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی کارروائیوں سے مخالفین مایوسی کا شکار ہیں۔ قالیباف نے کہا کہ ایران کو فوجی محاذ کے ساتھ ملکی معیشت، مہنگائی، روزگار اور مارکیٹ کے مسائل پر بھی فوری توجہ دینا ہوگی۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی فوجی بحری جہازوں کے خلاف حملے مزید تیز کرنے کی دھمکی دی ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث مزید فوجی تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
