اسلام آباد (ویب نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کے سلسلے میں مثبت پیش رفت جاری ہے اور دوحا مذاکرات میں تعمیری پیش رفت کے بعد دونوں فریق بات چیت جاری رکھنے پر متفق ہیں۔ بحرین کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کے بحران کا دیرپا حل سفارتکاری، مذاکرات اور مکالمے میں ہے، جبکہ طاقت کے استعمال کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قانون سے ہٹ کر کسی بھی فوجی کارروائی کی مخالفت کی ہے، ایران اور خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بحرین اور کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اعتماد سازی کے اقدامات جاری ہیں، تمام رابطہ ذرائع کھلے ہیں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور چین کے تعاون کو بھی سراہا گیا ہے۔
