تازہ ترین ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

ایران امریکا سے معاہدے کے لیے مسلسل رابطے کر رہا ہے، صدر ٹرمپ

کوئٹہ(ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا سے معاہدہ کرنے کے لیے مسلسل رابطے کر رہا ہے اور وہ نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد یا شاید اس سے پہلے ایران کے ساتھ جنگ ختم ہوتی دیکھ رہے ہیں۔ آئرلینڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ ختم ہوتے ہی عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہوں گی، تاہم امریکا ایران کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا جو مناسب نہ ہو۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات پر ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے پر بات چیت کرنا یا نہ کرنا متعلقہ ممالک کا اپنا فیصلہ ہے۔ روس یوکرین جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو روس کی تیل اور توانائی تنصیبات پر حملوں سے گریز کا کہا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض حلقے اے آئی سے متعلق ایسے خدشات پھیلا رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، امریکا اس شعبے میں چین سے آگے اور دنیا کا جدید ترین ملک ہے اور وہ امریکی برتری برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی کی دوڑ میں جو ملک کامیاب ہوگا وہی غالب آئے گا۔ امریکی شرح سود کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ دنیا میں سب سے کم شرح سود امریکا میں ہونی چاہیے۔ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے سربراہی اجلاس منسوخ کیے جانے کے خدشے پر انہوں نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی فکر نہیں، جبکہ وینزویلا میں انتخابات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہاں انتخابات اس وقت ہوں گے جب وہ اس کے لیے تیار ہوں گے۔