کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی رہنماؤں اور شہریوں کی ہلاکتوں پر علاقائی اور عالمی عدالتوں سے رجوع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قتل ایک بڑا قانونی مقدمہ ہے، جسے انصاف کے لیے عالمی سطح پر اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے عدالتی حکام سے خطاب اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ نومولود بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں اور اعلیٰ ایرانی رہنماؤں تک کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بعض امریکی اور اسرائیلی رہنماؤں کے بیانات ان واقعات سے متعلق قانونی شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عدلیہ کو ہدایت کی کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم اور ایران کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر قانونی کارروائی کی جائے۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ جون 2025 اور فروری 2026 کے حملوں کے تناظر میں سیکڑوں بلکہ ہزاروں مقدمات قائم کیے جا سکتے ہیں اور متاثرہ افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عدلیہ صرف انفرادی مقدمات تک محدود نہیں بلکہ عوامی حقوق، انصاف، قانون کی بالادستی، بدعنوانی کے خاتمے اور قومی مفادات کے تحفظ کی بھی ذمہ دار ہے۔
