تازہ ترین ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی حملہ، ایک ایرانی شہری جاں بحق، 2 پاکستانیوں سمیت 4 زخمی

کوئٹہ(ویب نیوز) جنوبی ایران کے سمندری علاقے قشم جزیرے کے قریب ایرانی تجارتی کنٹینر جہاز پر امریکی بحریہ کے حملے میں عملے کا ایک رکن جاں بحق جبکہ دو پاکستانی شہریوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق جہاز جبل علی سے بندر عباس جا رہا تھا اور اس پر 10 افراد سوار تھے، جن میں پانچ ایرانی اور پانچ پاکستانی شہری شامل تھے۔ حملے کے بعد تمام زخمیوں کو قشم کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل خلیج فارس کے امن و سلامتی کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایرانی حکام نے واقعے کو تجارتی جہاز رانی کے خلاف معاندانہ اقدام قرار دیا ہے۔