تازہ ترین ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

ایجبسٹن ٹیسٹ: پاکستان کے 2 وکٹوں پر 52 رنز، اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 268 رنز درکار

کوئٹہ (ویب نیوز) ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ کے 453 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 12.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 268 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صائم ایوب پہلی ہی گیند پر جبکہ عبداللہ شفیق چوتھی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، تاہم اذان اویس 29 اور شان مسعود 21 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 154 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 89 اوورز میں 453 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 75، ڈین لارنس نے 65، جمی اسمتھ نے 69 اور اولے رابنسن نے 50 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے 148 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد علی اور عمران رندھاوا نے 2،2 وکٹیں لیں۔ بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 27.2 اوورز قبل ختم کردیا گیا۔