پاکستان ۱۱ جولائی ۲۰۲۶

اپوزیشن کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر بلوچستان، آزاد کشمیر اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بحث کا مطالبہ

اسلام آباد(وېب نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بلوچستان، آزاد کشمیر اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بحث کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے سانحہ زیارت کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک میں ایسے واقعات کے بعد متعلقہ وزرا استعفیٰ دے دیتے ہیں، جبکہ انہیں آزاد کشمیر جانے سے بھی روکا گیا حالانکہ وہ وہاں اپنے کشمیری بھائیوں سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ اس موقع پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت کے بجائے سیاسی مذاکرات اور مکالمے میں ہے، جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور سکیورٹی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ قومی اقدامات کی ضرورت ہے۔