پاکستان ۱۲ جون ۲۰۲۶

اپوزیشن کا بجٹ سیشن کا بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

کوئٹہ (ویب نیوز)اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بجٹ سیشن کا بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا تاہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ حزبِ اختلاف نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی رہائی کا مطالبہ ہر صورت برقرار رہے گا اور جب تک ملاقات نہیں کرائی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 34 ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی اور اسپیکر قومی اسمبلی اس معاملے پر رولنگ جاری کریں۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے جاتے، جبکہ حکومت تین مرتبہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر بٹھا چکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا، مہنگائی پہلے ہی بلند سطح پر ہے، عوام کو ریلیف دیا جانا چاہیے اور وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں آکر عوامی نمائندوں کے سوالات کے جواب دینے چاہئیں۔