تازہ ترین ۱۱ مئی ۲۰۲۶

اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور اعلی حکام کا جھالاوان سمر فیسٹیول کا دورہ

خضدار (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل)اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، کمانڈنٹ قلات اسکاٹس کرنل عرفان اور دیگر اعلی افسران کے ہمراہ جھالاوان سمر فیسٹیول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور کتابوں کے اسٹالز پر خاص دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے متعدد کتابیں خرید کر ساتھی افسران کو تحفے میں دیں۔ دورے کے دوران چیف آفیسر وڈیرہ صالح جاموٹ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحفیظ کاکڑ، ڈی ای او عابد حسین بلوچ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔میر یونس عزیز زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھالاوان سمر فیسٹیول ہماری مقامی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ کمانڈنٹ کرنل عرفان نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت امن و امان کی بہتری کی واضح علامت ہے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی اور وڈیرہ صالح جاموٹ نے فیسٹیول کو مقامی معیشت اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے اہم قرار دیا۔ ہزاروں مرد و خواتین نے فیسٹیول میں شرکت کی جہاں روایتی موسیقی، رقص اور کھیلوں کے مقابلوں نے ماحول کو پرجوش بنا دیا، جس سے خطے میں سیاحت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے۔