تازہ ترین ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جو بیرون ملک رہتے ہوئے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں بلکہ اپنی محنت اور ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ جدہ میں مسلم لیگ (ن) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ (ن) معیشت کی بہتری، روزگار کے مواقع میں اضافے، ترقیاتی منصوبوں کے فروغ اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں، تجربات اور روابط کو پاکستان کی ترقی کے لیے مزید مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں۔