اورماڑہ (ویب نیوز) پاک بحریہ نے اورماڑہ کے مشرق میں کھلے سمندر میں بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے پانی بھرنے والی مال بردار کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت بچا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگامی اطلاع ملتے ہی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر متحرک ہوا اور پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس حنین، ہیلی کاپٹروں اور دیگر فضائی وسائل کی مدد سے کامیاب کارروائی انجام دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق تمام ریسکیو کیے گئے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت ردعمل اور انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔
