اسلام آباد (ویب نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ عمران خان کو جسمانی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور حسان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔ جوڈیشل کمپلیکس پر حملے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ رمنا میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 21 رہنماؤں اور 250 کارکنوں کے خلاف درج ہے، جس میں دہشت گردی، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کی دفعات شامل ہیں۔
