تازہ ترین ۳ جون ۲۰۲۶

امریکی صدر ٹرمپ نے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ظاہر کر دیا

کوئٹہ( ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ممکنہ ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت امریکا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے اور حالات سازگار رہے تو مستقبل میں ان سے ملاقات بھی ہو سکتی ہے۔ ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ زمینی صورتحال اور مذاکراتی پیش رفت پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ایک ٹیلیفونک گفتگو کے دوران انہوں نے سخت اور غصے بھرے لہجے میں بات کی تھی کیونکہ وہ لبنان کے ساتھ جاری کشیدگی اور فوجی کارروائیوں پر تشویش رکھتے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور اگر ایران سے متعلق تنازع کا حل نکل آتا ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال ایران میں زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں اور وہاں کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔