تازہ ترین ۳ جون ۲۰۲۶

امریکی حملوں کے بعد ایران کی جوابی کارروائی، بحرین، قطر اور عراق میں سائرن گونج اٹھے

کوئٹہ( ویب نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں ایک فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کے بعد ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی مفادات پر جوابی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ایک ایئربیس، بحری جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جس کے بعد بحرین، قطر اور عراق میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ دوسری جانب امریکی سینٹکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بیشتر ایرانی حملے ناکام بنا دیے گئے، جبکہ کویت کی جانب داغے گئے دو میزائل راستے میں گر گئے اور بحرین کی طرف فائر کیے گئے تین میزائل امریکی اور بحرینی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کر دیے۔ امریکی حکام کے مطابق بعض ایرانی بیلسٹک میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے۔ ادھر امریکی فوج نے ایک آئل ٹینکر کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ جہاز ایرانی جزیرے خارگ کی جانب جا رہا تھا، جبکہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن بحیرۂ عرب میں سرگرم ہے اور خطے میں سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔