تازہ ترین ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

امریکا و ایران مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی جلد بحالی کے لیے اقدامات کریں: چین

کوئٹہ(ویب نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کو طول دینے کے بجائے ’اسلام آباد میمورنڈم‘ کے تحت بامعنی مذاکرات بحال کریں اور عالمی توانائی کی ترسیل کے تحفظ کے لیے آبنائے ہرمز کو جلد دوبارہ کھولنے کے اقدامات کریں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیجنگ میں وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وانگ یی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا مسلسل جاری رہنا کسی فریق یا عالمی برادری کے مفاد میں نہیں، جبکہ چین ایران اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ ایک دوسرے کی خودمختاری اور قومی سلامتی کا احترام کرتے ہوئے خطے کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ چینی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ چین مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کو یمن اور بحیرۂ احمر تک پھیلتے نہیں دیکھنا چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران نے ظاہر کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے سیکیورٹی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔