واشنگٹن (ویب نیوز): امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی ترسیل میں ملوث مزید جہازوں، کمپنیوں اور مالیاتی نیٹ ورکس کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نئی پابندیوں کے تحت نامزد کمپنیوں اور جہازوں کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے، جبکہ ایرانی خام تیل چین منتقل کرنے والے متعدد آئل ٹینکرز کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں میری ٹائم انشورنس کے نام پر رقوم وصول کرنے والے ایرانی نیٹ ورک، پرشین گلف میرین انشورنس کمپنی اور ہرمز سیف میرین سروسز اتھارٹی پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران عالمی جہاز رانی کو مالی مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے، اسی لیے اس کے شیڈو فلیٹ سے وابستہ 100 سے زائد جہازوں اور تیل کے شعبے سے وابستہ متعدد کمپنیوں پر پہلے ہی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔
