تازہ ترین ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

امریکا نے ایران پر نئی معاشی پابندیاں عائد کر دیں، کمپنیوں اور آئل ٹینکروں کے اثاثے منجمد

واشنگٹن (ویب نیوز): امریکا نے ایران پر معاشی دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایرانی تیل کی تجارت سے وابستہ دو اداروں، آٹھ کمپنیوں اور متعدد آئل ٹینکروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے میری ٹائم انشورنس کے نام پر رقوم وصول کر کے پاسدارانِ انقلاب کی مالی معاونت کی جا رہی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں، اداروں اور جہازوں کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے، جبکہ امریکی شہریوں اور اداروں کو ان کے ساتھ ہر قسم کے مالی اور تجارتی لین دین سے بھی روک دیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ واشنگٹن ایران پر زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ کی پالیسی جاری رکھے گا اور عالمی جہاز رانی کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔