تهران (صداقت نیوز)ایرانی پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایران اپنا افزودہ یورینیم کسی تیسرے ملک کے حوالے کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور امریکا اگر اپنا رویہ تبدیل نہ کرے تو کسی معاہدے تک پہنچنا مشکل ہوگا۔ روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا مذاکرات میں ہمیشہ ایک ناقابلِ اعتماد فریق ثابت ہوا ہے، اس لیے اعتماد سازی کے بغیر پیش رفت ممکن نہیں۔ ابراہیم عزیزی کے مطابق ایران آبنائے ہرمز کے انتظام اور تحفظ کے لیے ایک طویل المدتی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ علی باقری نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری پر کسی بھی قسم کا حملہ برداشت نہیں کرے گا اور آبنائے ہرمز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے سے روکنا ضروری ہے۔
