روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ .بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کے لیے جنگ بندی میں توسیع پر ایک اہم مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ 60 روزہ معاہدہ فریقین کو مستقل مذاکرات کی میز پر لانے کی ایک بڑی سفارتی کوشش ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے، بارودی سرنگوں کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایران کے جوہری پروگرام اور اقتصادی پابندیوں میں نرمی سے متعلق معاملات پر بھی آئندہ مذاکرات میں بات چیت کی جائے گی۔اگرچہ وائٹ ہاؤس نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، تاہم دونوں ممالک کی جانب سے حتمی دستخط ابھی باقی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہو سکتا ہے، لیکن اس پر مکمل عملدرآمد کے لیے مزید تفصیلی مذاکرات ضروری ہوں گے۔
