پشاور (ویب نیوز) اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر صوبائی اسمبلی کے امن جرگہ 2025 کے مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی منظوری سے سیکیورٹی امور سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے صوبائی حکومت، گورنر، سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی۔ اسی مشاورتی عمل کے تحت 12 نومبر 2025 کو امن جرگہ منعقد ہوا، جس میں سیاسی جماعتوں کے 30 سے زائد اہم ارکان، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد جرگے نے مشترکہ اعلامیہ منظور کیا، جسے مناسب غور و خوض کے لیے وزیراعظم کے دفتر بھی ارسال کیا گیا تھا۔
