کوئٹہ(وېب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے رکن میر صادق عمرانی نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد جانے والے بلوچستان کے لوگ گالیاں کھا کر واپس آئے۔ بلوچستان اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان کے لوگوں کو اسلام آباد کلب بلا کر کس نے ذلیل کیا؟ میر صادق عمرانی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ اب لوگ اوڑک اور زیارت جیسے علاقوں میں بھی آزادانہ طور پر نہیں جاسکتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو جان و مال کا تحفظ اور آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہوسکے۔
