مقامی ۱۲ جولائی ۲۰۲۶

آپریشن شعبان کامیابی سے جاری، مزید 4 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 109 ہوگئی

کوئٹہ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ) بلوچستان میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سران ٹنگی کے علاقے میں تازہ زمینی و فضائی کارروائی کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد صرف آپریشن شعبان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 71 جبکہ 5 جولائی سے جاری مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی تعداد 109 ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، گولہ بارود، ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔